26 اگست 2026 - 18:30
پوتن کا شام کی وحدت اور خودمختاری کی حمایت کا اعلان

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے شامی صدر احمد الشرع سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے روس کی حمایت کا اعادہ کیا اور ملک میں دیرپا امن و استحکام کے ساتھ تعمیر نو کا عمل شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے شامی صدر احمد الشرع سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں شام کی تازہ صورتحال اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے مطابق روس شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ پوتن نے شام میں دیرپا امن و استحکام کے قیام اور ملک کی تعمیر نو کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، معیشت اور انسانی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان دیگر باہمی معاملات کے علاوہ حمیمیم فضائی اڈے اور طرطوس میں روسی رسدی تنصیبات سے متعلق 9 اگست کے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔

روسی وزارت خارجہ اس معاہدے کو ماسکو اور دمشق کے درمیان فوجی تعاون میں ایک اہم قدم قرار دے چکی ہے، جبکہ شامی وزارت خارجہ نے بھی ان دونوں مقامات کے حوالے سے آئندہ تعاون کے لیے طریقہ کار طے کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

دریں اثنا، روس نے رواں ماہ دیمتری دوگادکین کو شام میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔

شامی صدر احمد الشرع نے 28 جنوری کو اپنے دورِ صدارت کے آغاز کے بعد دوسری مرتبہ ماسکو کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی تھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha